کشمور( نمائندہ خصوصی ) کشمور میں دو گروپوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کشمور میں بجلی نہ دینے پر چاچڑ برادری کے دو گروپوں کے درمیان تصادم میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ بھانجے نے اپنے ماموں اور اس کی بیٹی کو قتل کر دیا، فائرنگ سے 3 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ذرائع نے بتایاکہ جاں بحق ہونے والوں میں گہرام چاچڑ اور مسمات شہرو چاچڑ شامل ہیں جبکہ مقتول صرف ماموں ہی نہیں بلکہ اس کا سسر بھی تھا۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں امینت، نور خاتون، ظھوراں شامل ہیں، زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا تھا جبکہ ایمرجنسی میں اسپتال میں ڈاکٹر ہی موجود نہیں تھے۔واضح رہے کہ کشمور میں بڑھتی ہوئی بدامنی قتل و غارت کے واقعات کو پولیس کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔