اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن(پناہ) کے سیکرٹری جنرل ثناءاللہ گھمن نے کہا ہے کہ پناہ کے اشتراک سے پاک بحریہ شفاء ہسپتال کراچی میں پیدائشی قلبی مرض میں مبتلا2 سالہ بچے کے دل کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے ۔2 سال کے ایک لڑکے جس کا وزن 5.6 کلوگرام ہے اسے پیدائشی قلبی بیماری (ٹیٹرولوجی آف فالٹ) کی تشخیص ہوئی ہے جس میں ٹیٹ سپیل کے بار بار دورے پڑتے تھے۔وہ شدید نیلا پڑا ہوا تھا اور اس کی سیچوریشن 60فیصد تھی۔بچہ سندھ کے نوشہرو فیروز کا رہائشی ہے اور ایک بہت غریب خاندان سے تعلق رکھتا ہے، جو مہنگے کارڈیک سرجری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔اس کی سرجری کیپٹن ندیم صادق نے پناہ کی کفالت میں پاک بحریہ کے شفاء ہسپتال میں کامیابی کے ساتھ مکمل کی ۔پناہ کے سیکرٹری جنرل ثناءاللہ گھمن کے مطابق اب اس بچے کی سیچوریشن 60فیصد سے 90فیصد تک پہنچ چکی ہے، وہ منہ کے ذریعے غذا لے رہا ہے۔ اس کے والدین پناہ اور ہسپتال کے اپنے بچے کی دیکھ بھال کرنے پر شکرگزار ہیں۔ بچے کو کل ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔