اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے فضائی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی روابط بڑھا کر پاکستان کے سیاحتی شعبے کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ایوان صدر میں ایئر ایشیا ایوی ایشن گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے، ملک میں سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ سرمایہ کار پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہوں۔ وفد نے صدر مملکت کو ایئر ایشیا ایوی ایشن گروپ اور اس کے فلائٹ آپریشنز کے بارے میں بتایا۔