اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی عزت، وقار اور مفادات کے تحفظ کے لیے ملک کی تمام سیاسی قوتیں متحد ہیں، پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کے فروغ کے ذریعے موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے حالیہ دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان سے نہ صرف دونوں برادر اسلامی ممالک میں تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ اس دورے کے خطے کے دیگر ممالک پر بھی دور رس نتائج مرتب ہونگے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ اپنی ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ قومی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔سپیکر نے ایرانی صدر کو پاکستان آمد پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی طرف سے خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیددار امن کے قیام اور ترقی کے لیے دوطرفہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں دونوں ممالک کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاک ایران سرحد کے دونوں طرف تجارتی مراکز کے قیام کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک ایران سرحد پر تجارتی مراکز کے قیام سے سرحد کے دونوں جانب بسنے والے شہریوں کی زندگیوں میں خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ عوامی اور پارلیمانی سطح پر روابط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک پاکستان کا دورہ کر کے دلی خوشی ہوئی ہے، پاکستان اور ایران کے مابین تعلقات روایتی اور سفارتی تعلقات سے بڑھ کر ہیں،دونوں ممالک کے عوام اخوت، بھائی چارے، ہمسائیگی اور محبت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان میں اپنے اور وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ پارلیمانی روابط کو اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ قومی اسمبلی میں پاک۔ایران فرینڈ شپ گروپ سب سے بڑا اور فعال فریند شپ گروپس میں سے ایک تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان ایران کی ملی مجلس شوریٰ کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کی خواہش رکھتی ہے ۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجوہ اسمبلی میں پاک۔ ایران فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستانی وفد میں سپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی سید نوید قمر، عون چوہدری ، ملک محمد عامر ڈوگر، نور عالم خان، صاحبزادہ حامد رضا، خالد حسین مگسی، چوہدری سالک حسین ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری موجود تھے جبکہ ایرانی وفد میں ایران کابینہ کے اراکین صدر کے ہمراہ موجود تھے ۔