کراچی ( نمائندہ خصوصی) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری۔ پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کے دوران اندرونِ سندھ ضلع کشمور کے علاقے رئیس حیات اوگاہی سے 4ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے2 عددایس ایم جی، ایک عدد 222رائفل، 2عدد12بور ڈبل بیرل، ایک عدد پسٹل، 200سے زائد مختلف اقسام کے راؤنڈز اور5 عدد موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پرقتل،اقدام قتل،ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم میں مطلوب ملزما ن کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔چھاپہ مار کاروائی کے دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ۔ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم منیر، عبدالرحیم، خالد حسین اور محراب عرف بھیرو اوگاہی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں قتل،اقدام قتل اور دیگر جرائم کی متعدد ایف آئی آر بھی درج ہیں۔ آپریشن کے دوران گینگ کے تمام ٹھکانوں کو مسمارجبکہ مورچوں کو تباہ کر دیا گیا۔پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے انڈس ہائی وے کو محفوظ بنانے کیلئے دیگر گینگ کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔