اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان تھانے کی حدود میں کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ اتوار کو اپنے مذمتی بیان میں وفاقی وزیر نے حملے میں کسٹم کے تین اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔شہید اہلکاروں کی شناخت انسپکٹر حسنین ترندی، کانسٹیبل زیاد خان اور ایک شہری کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔