اسلام آباد(کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتہ کے اختتام پرجمعہ کو کاروبار میں تیزی رہی اور انڈیکس 619.79 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 70909.90 پوائنٹس پر بند ہوا جو نیا ریکارڈ ہے۔مسلسل دو روز مندی کے بعد جمعہ کو دن بھر کاروبار میں تیزی کا رحجان رہا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈکس 619.79 پوائنٹس (0.87 فیصد) اور کے ایس ای 30 انڈکس 282.75 پوائنٹس (1.21 فیصد) کے اضافہ کے بعد 23376.56 پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی طور پر 368 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، 199 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی اور 148 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 21 کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران 47 کروڑ، 58 لاکھ، 33 ہزار، 699 حصص کا لین دین ہوا جن کی مالیت 23.220 ارب روپے تھی۔پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے 4 کروڑ، 96 لاکھ، 62 ہزار، 377 حصص، سائنرجیکو پاکستان لمیٹڈ کے دو کروڑ، 67 لاکھ، 77 ہزار، 7 حصص اور کوہ نور سپننگ ملز کے دو کروڑ، 28 لاکھ، 34 ہزار حصص کا لین دین ہوا۔ کموڈیٹی ایکسچینج کے تحت 6.034 ارب روپے کے سودے ہوئے۔