اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کاروباری مرکز بلیو ایریا کے ایک پٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی ، ایم سی آئی کی فائر ٹینڈر گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ آتشزدگی ایف سکس کی طرف بیورلے سینٹر کے عقبی جانب واقع پی ایس او کے پٹرول پمپ میں تیل ڈالنے کے لئے آئے آئل ٹینکر میں ہوئی تاہم ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ایم سی آئی کی دو فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے ۔ ایم سی آئی حکام کا کہنا ہے کہ جلد آگ پر قابو پا لیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ کو بجھانے کی ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے، ٹینکر کے اندر پٹرول موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ کیمیمکل کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عرفان نواز میمن نے کہا کہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے قریبی بلڈنگز کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آگ کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بہت جلد آگ پر قابو پا لیا جائے گا۔