اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمیلن نے جمعہ کو یہاں ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمیلن نے چودھری سالک حسین کو وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان اٹلی کو ایک دوست اور قابل اعتماد ساتھی سمجھتا ہے، دونوں ممالک متعدد علاقائی اور عالمی مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کو غیرقانونی تارکین وطن کو روکنے کیلئے بارڈر کو کنڑول کرنے اور آپریشن کی ضرورت ہے۔اٹلی کی سفیر نے کہا کہ اس وقت 3 لاکھ پاکستانی اٹلی میں مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے اٹلی کو پاکستان میں ہوٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مشترکہ معاملات پر اٹلی کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔ اس موقع پروفاقی وزیر نے اٹلی میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کی فراہمی کیلئے ایم او یو کا ڈرافٹ سفیر کے حوالے کیا۔