راولپنڈی ۔(نمائندہ خصوصی )وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے ترکیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل متین گورک نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔وزیر دفاع نے معزز ترک دفاعی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط قرار دیا۔وزیر دفاع نے غزہ میں حالات اور مصائب پر قابو پانے کے لیے ترکیہ کے فعال کردار کی تعریف کی ۔ معزز مہمان نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کی کوششوں کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔دونوں اطراف نے اپنی مسلح افواج کے درمیان مضبوط تعلقات کو تسلیم کیا اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم کیا۔