اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان تجارت سمیت تمام اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے قازقستان کے سفیر یرژان کستافین سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقاتِ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، قازقستان وسطی ایشیائی ریاستوں کا اہم ملک ہے، پارلیمانی سفارت کاری دونوں پارلیمانوں میں ہم آہنگی کو مزید فروغ دے گی ،قومی اسمبلی کے پاک-قازقستان فرینڈ شپ گروپ کو جلد فعال کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ فعال پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینا قومی اسمبلی آف پاکستانی کی پالیسی کا اہم جزو ہے ، پاکستان تجارت سمیت تمام اقتصادی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ملاقات میں سفیر نے قازقستان کیلئے سپیکر کے تاثرات کو سراہا اور کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافے کا خوائش مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اور عوامی سطح پر رابطوں میں اضافہ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے ضروری ہے ۔