کراچی( کرائم رپورٹر )کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں منچلوں نے حال ہی میں بنائی گئی عالمی معیار کی شاندار سڑک کو برباد کرڈالا۔نوجوانوں کی جانب سے کی گئی کار ڈرفٹنگ کی ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے ڈیفنس فیز 6 میں واقع بخاری کمرشل سے لےکر خیابان مسلم تک سڑک کی مرمت کی گئی، جس میں عالمی معیار کے نئے سگنل، زیبرا کراسنگ اور سڑک کی مرمت وغیرہ شامل ہیں۔ اس روڈ کا افتتاح ہوئے ابھی کچھ ہی روز گزرے تھےکہ منچلے اپنی گاڑیوں میں یہاں پہنچے اور ڈرفٹنگ اور روڈ پر ڈونٹس بنانےکے کرتب دکھانا شروع کردیے جس سے سڑک برباد ہوگئی۔ڈرفٹنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے مقدمہ درج کرادیا گیا۔ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کا کہنا ہےکہ بنائی جانے والی سڑک عوام کے ٹیکس کی رقم سے بنائی گئی، تاہم کسی بھی شہری کی جانب سے سرکاری املاک کو اس طرح سے نقصان پہنچانا مجرمانہ فعل ہے،کنٹونمنٹ بورڈ اس حوالے سے واضح ایس او پیز نافذکرےگا۔