اسلام آباد (بیورو رپورٹ)ترکیہ کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل متین گیوراک نے ایئرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ ترک مسلح افواج نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دونوں اطراف نے مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران جدید جنگی ٹیکنالوجی اور ٹریننگ کے حوالے سے پیشہ ورانہ تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔سربراہ ترک مسلح افواج نے مقامی ہوابازی کی صنعت کی ترقی میں پاک فضائیہ کی پیشرفت کا اعتراف کیا اور ایئراسپیس ٹیکنالوجی پارک کے ساتھ ساتھ موجودہ باہمی صنعتی تعاون مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فوج کے سربراہ نے ایئرہیڈ کوارٹرز میں مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفرااسٹرکچر کا بھی دورہ کیا۔