واشنگٹن (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی اورنمو کےلئے اصلاحات کے پروگرام میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کوواشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کی اقتصادی پالیسی آؤٹ لک پر جے پی مورگن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیرخزانہ نے
ٹیکسیشن، توانائی اور نجکاری کے تین اہم اصلاحاتی شعبوں کا خاکہ پیش کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ رواں سال زرعی شعبے نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے، مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئی ہے، شرح مبادلہ مستحکم ہے۔انہوں نے کہاکہ تجارتی خسارہ میں کمی آرہی ہے اور ترسیلات زر سمیت معیشت کے اہم اشاریے بہتر کارکردگی کی عکاسی کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک وسیع تر توسیعی پروگرام میں شامل ہونے کے لئے پرعزم ہے۔