کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و وزیر اعلیٰ سندھ کی رین ایمرجنسی کے لئے بنائی گئی خصوصی ٹیم میں ضلع ایسٹ کے فوکل پرسن سعید غنی نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ماضی میں جہاں جہاں بارش کا پانی جمع ہوتا رہا ہے وہاں سے اس کے مستقل حل کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کی جانب جانے والا نالہ سمیت کنٹونمنٹ بورڈ کے احاطہ میں آنے والے نالوں کی صفائی کے لئے کے ایم سی، ڈی ایم سی، کے ڈی اے اور متعلقہ کنٹونمنٹ بورڈز مل کر فوری اس کو کلئیر کروائیں اور جن جن نالوں پر تجاوزات ہیں ان کے خاتمے کے لیے ڈپٹی کمشنر فوری اقدامات کریں۔رین ایمرجنسی کے سلسلے میں ڈی سی ایسٹ آفس میں کنٹرول روم بنایا جائے، جس میں ولیس، ٹریفک پولیس، ڈی ایم سی، کے ایم سی، واٹر بورڈ، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت تمام ادارے 24 گھنٹے رابطے میں رہیں گے۔ہماری بھرپور کوشش ہونا چاہیے کہ اس سال مون سون کی بارشیں عوام کے لئے باعث رحمت بن کر برسیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے دفتر میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ طارق چانڈیو، ایڈمنسٹریٹر ایسٹ رحمت اللہ شیخ، اے سی ون اسما بتول، اے سی ٹو عمیمہ سولنگی، محمد آصف خان، کے ایم سی، کے ڈی اے، ڈسٹرکٹ ایسٹ، سولڈ ویسٹ، واٹر بورڈ، پولیس اور دیگر اداروں کے اعلٰی افسران موجود تھے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں بارشوں سے قبل کئے جانے والے اقدامات بالخصوص نالوں کی صفائی، چوکنگ پوائنٹس، مین شاہراہوں سمیت ڈی ایم سی کے وہ تمام علاقے جو نشیبی علاقے ہیں اس پر کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ جہاں جہاں ماضی میں بارش کا پانی جمع ہوتا رہا ہے وہاں سے اس کے مستقل حل کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کا اسپیل اب ہر سال آتا ہے اور ہم ہر سال انتظامات کو یقینی بنانے کے بجائے ایسے مستقل اقدامات کو یقینی بنائیں کہ معاملات نہ ہوں۔ ایڈمنسٹر ایسٹ رحمت اللہ شیخ نے اجلاس میں بتایا کہ کچھ علاقے نشیبی ہونے کے باعث وہاں ہنگامی بنیادوں پر پمپس اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یونیورسٹی روڈ، سفاری پارک، نیپا چورنگی پر ہنگامی بنیادوں پر لائنوں کا کام مکمل کرلیا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کی جانب جانے والا نالہ سمیت کنٹونمنٹ بورڈ کے احاطہ میں آنے والے نالوں کی صفائی کے لئے کے ایم سی، ڈی ایم سی، کے ڈی اے اور متعلقہ کنٹونمنٹ بورڈز مل کر فوری اس کو کلئیر کروائیں اور جن جن نالوں پر تجاوزات ہیں ان کے خاتمے کے لیے ڈپٹی کمشنر فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے ڈی سی ایسٹ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رین ایمرجنسی کے سلسلے میں ڈی سی ایسٹ آفس میں کنٹرول روم بنایا جائے اور پولیس، ٹریفک پولیس، ڈی ایم سی، کے ایم سی، واٹر بورڈ، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت تمام ادارے اس کنٹرول روم سے 24 گھنٹے رابطے میں رہیں گے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈی سی ایسٹ اور ایڈمنسٹریرٹر ایسٹ رحمت اللہ شیخ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، شارع فیصل، اردو یونیورسٹی گلشن، نیپا، یونیورسٹی روڈ، نرسری، محمود آباد سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ممکنہ مون سون بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی سمیت جاری دیگر کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس بار مون سون بارشوں کی پیشن گوئی گذشتہ برسوں کے مقابلے زیادہ ہونے کی ہے۔ اسی لئے سندھ حکومت اور کے ایم سی و ڈی ایم سیز کی جانب سے نالوں کی صفائی کا آغاز پہلے ہی کردیا گیا ہے تاہم کچھ مقامات پر چوکنگ پوائنٹس کی شکایات پر ان کے ازالے ہے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے دسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شارع فیصل پر نرسری، فرنیچر مارکیٹ، نیپا چورنگی اور یونیورسٹی روڈ پر نکاسی کے خصوصی بندوبست کو یقینی بنایا جائے۔سعید غنی نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ مون سون کی بارشیں عوام کے لئے باعث رحمت بن کر برسیں۔