لاڑکانہ۔(نمائندہ خصوصی )صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں معاشی استحکام اور خوشحالی کیلئے حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی45 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش بھٹو لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی مفاد پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور وہ ملک کی بہتری کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان وسائل سے فائدہ اٹھا کر موجودہ معاشی بحران سے نکالیں گے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ ملک اور عوام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت نے عوام اور ملک کی خاطر قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی کارکنوں کی طاقت سے جیلوں کا سامنا کیا، ہم ملکی معیشت کو مضبوط کریں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا