کراچی ( بیورو رپورٹ)چین کی ایک کمپنی پیپلز بس سروس کی طرز پر جنوبی شہر کراچی میں ایک نئی بس سروس شروع کرے گی، نئی بس سروس 500 بسوں کے بیڑے پر مشتمل ہوگی، جو چار ماہ کی مدت میں شہر پہنچ جائیں گی۔گوادر پرو کے مطابق اس سلسلے میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے چینی وفد سے ملاقات کی۔ چینی وفد میں شیڈونگ ہائی سپیڈ پاکستان کے چی چنگ، زوہیب صدیقی اور کنگ لونگ کمپنی کے چون یوسن شامل تھے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق نئی بس سروس 500 بسوں کے بیڑے پر مشتمل ہوگی اور شرجیل میمن نے چینی کمپنی کو بسوں کی خریداری اور کراچی میں بسیں لانے کے لیے چار ماہ کا وقت دیا۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کا ایک بیڑا تمام قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد چار ماہ کے اندر کراچی پہنچ جانا چاہیے۔ وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سندھ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ اور منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) الطاف حسین ساریو بھی موجود تھے۔