اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینرمحمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ اسرائیل اور بھارت فلسطین اورمقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر وحشیانہ مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور شہریوں پر حملوں کی شدیدمذمت کی اورمظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو غاصب قوتوں سے اپنی مادر وطن کی آزادی تک مزاحمت کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ غاصب بھارت اور اسرائیل کے جھوٹے چہرے اورمقبوضہ علاقوں میں انکے جنگی جرائم اور نسل کشی کے اقدامات کو بے نقاب کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مہم شروع کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقوں میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے غیر قانونی اقدامات پر عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت اور اسرائیل کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں ہندوستان اور اسرائیل کو ان کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرانے کے لیے مل کر آواز بلند کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔محمود ساغر نے زوردیاکہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز سنی جانی چاہیے اور عالمی برادری کو ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے چاہیں۔