کراچی (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت منچھر جھیل کی اسکیم بنا کر بھیجے ہم اس پر کام کرینگے۔ہفتے کو وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے ملاقات کی جس میں صوبائی وزیر جنگلات تیمور ، سیکریٹری فاریسٹ بدر جمیل میندھرو اور سیکریٹری ماحولیات حسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مچھلی کی اچھے ماحول میں افزائش کے لئے ٹھٹہ، سجاول، بدین اور کراچی کیلئے اسکیمز بنا رہے ہیں، اس اسکیم پر 2 بلین روپے لاگت آئے گی، جو ہمیں وفاقی فنڈز سے دیے جائیں۔ جو اسکیمز بنائی جارہی ہیں، ان میں مچھلی کی افزائش کے علاقوں کا تعین کرکے مقامی ماہی گیروں کو ان کی افزائش کا کام سونپا جائے گا، مچھلی کی افزائش سے پہلے اس کے شکار کو کنٹرول کرنے کیلئے کمیونٹی پولیس سسٹم بنایا جائے گا۔ مچھلی کو محفوظ کرنے کیلئے کولڈ چین سسٹم قائم کیے جائینگے، فشریز سیکٹرز کیلئے صاف پانی مہیا کرنے کیلئے جیٹیز کے پاس آر او پلانٹس لگائے جائینگے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ان اسکیمز کی صوبائی فورمز سے منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو ارسال کی جائینگی، ان اسکیمز کیلئے وفاق خود یا اس فنڈ سے رقم مہیا کرے۔ملاقات میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ میانی جنگل حیدرآباد سے 13 کلومیٹر حیدرآباد بائی پاس کی طرف نیشنل ہائی وے پر واقع ہے، اس فاریسٹ کو بہترین بنانے کیلئے 645 ملین روپے کی اسکیم بنائی گئی ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منچھر جھیل پر ایکو ٹوئرازم قائم کرنے کیلئے 910 ملین روپے کی اسکیم بنائی گئی ہے، منچھرجھیل کی خوبصورتی اور سیاحوں کو سہولیات دینے کیلئے مختلف اسپاٹس بنائے جائینگے۔ شیری رحمان نے کہا کہ منچھر جھیل کی صفائی کا کام ایک عالمی کمپنی کرنے کیلئے تیار ہے، یہ کمپنی منچھر کے علاوہ لیاری ندی پر بھی ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے تیار ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ منچھر جھیل کو صاف کر کے ماہی گیروں کے روزگار میں اضافہ اور اس کا پانی استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ سندھ حکومت منچھر جھیل کی اسکیم بنا کر بھیجے ہم اس پر کام کرینگے۔