اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے فیصل مسجد میں عید الفطر کی نماز کا خطبہ دیا اور مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کو اپنی دعائوں میں ضرور یاد رکھیں ۔ ڈاکٹر عبدالکریم اس وقت پاکستان کے نو روزہ سرکاری دورے پر ہیں ،نے فیصل مسجد میں عید الفطر کا خطبہ دیا۔ ان کے دورے کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔اہل ایمان سے گفتگو کے دوران انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ عید کی خوشیوں کے دوران فلسطینیوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں اور غزہ میں اپنے بھائیوں کو درپیش چیلنجوں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ انہیں مصائب سے نجات دلائے اور ان کے حق میں معاملہ فرمائے اور ظلم، بربریت اور تکبر کے مرتکب ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ مزید برآں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اعمال کے ذریعے اسلام کی پہچان بنیں اور مسلم امہ کے تشخص کو اجاگر کریں۔دریں اثنا وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ترجمان محمد عمر بٹ نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ایک یتیم خانے کا بھی دورہ کریں گے اوروفاقی دارالحکومت میں جدید ترین سیرت النبیﷺ میوزیم کے قیام کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے جس کا سنگ بنیاد 15 اپریل کو رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ میوزیم پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا میوزیم ہے جس میں حضرت محمد ﷺکی زندگی سے متعلق شعائر رکھے جائیں گے۔ ایم ڈبلیو ایل کے ریجنل ڈائریکٹر سعد مسعود ایم الحارث نے بتایا کہ اس کے علاوہ ڈاکٹر العیسی 13 اپریل کو جناح کنونشن سینٹر میں نوجوان حفاظ کی تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔