لاہو(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی حالات میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے، وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد نے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا جس کے بعد ملک کی سٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی آئی، پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، ہمیں قرضہ نہیں تجارت چاہئے۔ بدھ کو اپنے حلقہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہیں وفاقی کابینہ میں کم عمر ترین وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد وزیراعظم کے ہمراہ پہلے غیر ملکی دورہ سعودی عرب کے دوران انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، اللہ تعالیٰ نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کرنے کی سعادت عطا کی۔ مسجد نبویﷺ میں تراویح اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے کا موقع ملا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خانہ کعبہ میں ملکی ترقی، عوام کی خوشحالی اور اپنے حلقہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کے روزمرہ کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نظام کی بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ہمیں پارٹی نے ہمیشہ عزت دی ہے، پارٹی کے دروازے ہمارے حلقہ کے عوام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکنوں نے مل کر حلقہ کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے، سعودی عرب کے ولی عہد نے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے، سعودی میڈیا نے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کو خصوصی کوریج دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے امداد کی بجائے سرمایہ کاری کو ترجیح دی ہے، ہمارا ملک پاکستان وسائل سے مالا مال ہے،ہمارے پاس چار موسم ہیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے دیئے ہوئے قدرتی وسائل موجود ہیں، ہمیں قرضہ نہی تجارت چاہئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی آئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنا چاہتی ہے جبکہ نجکاری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے دروازے کارکنوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں، کارکنوں کے ساتھ مل کر مسائل کے حل کے لئے کام کریں گے۔