اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سیّد غلام مصطفیٰ شاہ نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشی اور تشکر کا دن ہے ، ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزہ رکھنے، عبادت کرنے کی توفیق اور بے سہارا اور حاجت مندوں کی مدد کرنے کا موقع عطا فرمایا، عید کا دن ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے تاہم اس کی حقیقی خوشی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب ہم معاشرے کے بے سہارا ، ضرورت مند، متوسط طبقات اور خصوصی افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا ۔ سپیکر نے کہا کہ اسلامی فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے آپس میں رنجشوں اور اختلاف کو بھلا کر ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے دل کو ہر قسم کی کدورتوں اور رنجشوں سے پاک کر کے اللہ تعالیٰ سے ملک کی ترقی، خوشحالی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے دعائیں مانگنے کا دن ہے۔انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قوم کو اپنی صفوں ہم آہنگی کو فروغ دینے، یکجہتی کو قائم کرنے اور متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے مسلح افواج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی جری سپوتوں کی وطن کی دفاع کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔سپیکر نے عید الفطر کے موقع پر مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں پر ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کی جد وجہد آزادی ان کا بنیادی حق ہے اور پاکستان کی پارلیمان اور عوام ان کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں اسرائیلی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے والے معصوم اور بے گناہ فلسطینی بھائیوں، بہنوں کو اپنی خصوصی دعائوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عالم اسلام پر زور دیا کہ عید الفطر کے موقع پر وہ اللہ تعالیٰ سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سیّد غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ عیدالفطر کا دن جہاں ہمارے لیے خوشیوں کا دن ہے، وہاں ہمیں یہ احساس بھی دلاتا ہے کہ ہم اس پر مسرت موقع پر اپنے غریب اور نادار بھائیوں کو یاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرنے کا دن ہے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزے رکھنے کی توفیق دی۔انہوں نے عید کے اجتماعات میں قومی یکجہتی اور نظم وضبط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں آپس کے سیاسی اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملک و قوم کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہ کہا عیدالفطر کے موقع پر پوری قوم اپنے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو بھی اپنی خصوصی دعائوں میں شامل حال رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر پاکستانی عوام کے اپنے فلسطینی اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی جلد آزادی کے لیے دعا گو ہیں۔