کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کمشنر نصیرآباد ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ نے ضلع کچھی کے لیویز و پولیس شہداءکے لواحقین کو تحائف اور نقد عیدی پیش کئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کچھی نے کہاکہ شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور ہم اپنے شہداءکو کبھی فراموش نہیں کرسکتے کیونکہ انہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کیا اس وجہ سے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے واضع احکامات اور لیویز و پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے شہداءکے لواحقین کو عیدی دی جارہی ہے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کچھی نے شہداءکی لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ خود کو تنہا محسوس نہ کریں ہمارے دفاتر انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور ہمیشہ کے لئے رہے گے۔ ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ نے کہا کہ جس جوانمردی سے انہوں نے ملک کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لوگ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ لیویز فورس و پولیس کے جوانوں کی خدمات قابل ستائش و لائق تحسین ہیں۔