اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی )کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدلمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے امت مسلمہ بالخصوص مظلوم کشمیری اورفلسطینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں خطوں کے عوام نسل پرست اور سامراجی قوتوں کے ہاتھوں وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انہوں نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد اورمسلم ممالک کے استحکام ، خودمختاری اور سیاسی اورمعاشی استحکام کے لئے دعا کی۔ انہوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے پر امن جدوجہد میں مصروف جموں و کشمیر کے مسلمانوں پر بھارت کی طرف سے مسلط کردہ خونریز جنگ کی مذمت کی۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت کریں اور بھارت کو جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے سے روکیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کو آئے روز گرفتار کر کے بھارت کی دور دراز جیلوں میں بند کیا جاتا ہے جبکہ حریت رہنمائوں کی بڑی تعدنئی دلی کی تہاڑ جیل میںغیر قانونی طوپر نظربند ہے۔انہوں نے بھارتی جیلوں سے بند تمام کشمیری نظربندوں اور حریت رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ کیا اور اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے بھی مظلوم کشمیریوں اورفلسطینیوں سمیت امت مسلمہ کوعیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ایک پیغام میں کہاکہ کشمیری اور فلسطینی مسلمانوںکوتقریبا ایک ہی طر ح کی سنگین صورتحال کا سامنا ہے اور دونوں خطوںمیں مسلمانوں کو اپنی شناخت اوربقاکے خطرے کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اور اسرائیل ایک ہی ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کی زمینوں اور دیگر املاک پر قبضہ کر کے انہیں اپنے ہی وطن میں بے گھر کررہے ہیں ۔