کراچی۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اوساکا ایکسپو 2025میں پاکستان کی بھرپور شرکت کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاکہ مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکیں، ایکسپو کا انعقاد 13اپریل سے 13 اکتوبر تک جاپان میں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی)کا دورہ کے موقع پر کیا۔انہوں نے ٹی ڈی اے پی حکام سے جاپان اور پاکستان میں ہونے والی آئندہ بین الاقوامی نمائشوں کے بارے میں بریفنگ لی۔وفاقی وزیر جام کمال کو بریفنگ دیتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد محمد نصیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے بتایا کہ ایکسپو 2025اوساکا جاپان میں”ڈیزائننگ فیوچر سوسائٹی فار اوور لائف”کے تھیم کے تحت 13 اپریل سے 13 اکتوبر2025 تک یومیشیما، اوساکا، جاپان میں منعقد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نمائش کے تین ذیلی تھیمز میں سے پاکستان نے کنیکٹنگ لائفز اور ایمپائورنگ لائف میں شرکت کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔محمدنصیر نے کہا کہ پاکستان نے نمائش میں شرکت کے لیے درخواست دی ہے اور توقع ہے کہ نمائش منتظمین سے جلد منظوری مل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سمری کو بھی حتمی شکل دے کر وزارت کو منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ٹی ڈی اے پی کے ڈائریکٹر جنرل ایگرو اینڈ فوڈ ڈویژن پاکستان ہارٹیکلچر اینڈ ایکسپورٹ کمپنی اطہر حسین کھوکھر نے وزیر تجارت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹی ڈی اے پی 9 سے 11 اگست 2024کو ایکسپو سینٹر کراچی میں دوسری بین الاقوامی خوراک اور زراعت کی نمائش کا انعقاد کرنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ” فوڈ اے جی” ملک کی خوراک اور زرعی مصنوعات کی نمائش کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں شرکت کے لیے 55ممالک کے مندوبین کو مدعو کیا گیا ہے۔اس موقع پروفاقی وزیر کو چاول اور مکئی وغیرہ کی برآمدات میں متوقع اضافے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے پاس چین میں گوشت کی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کے مواقع موجود ہیں۔