اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبد اللہ نے ملاقات کی۔ ایتھوپیا کے سفیر نے انہیں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ملاقات میں موسمیاتی اقدامات، آئندہ کوپ اجلاس کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنانے اور ماحولیاتی نظام اور ماحولیات کو برقرار رکھنے کے لئے قریبی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دوطرفہ موسمیاتی تعاون اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔رومینہ خورشید عالم نے ایم او یو پر دستخط کے موقع پر ایتھوپیا کے وزیر موسمیاتی کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ایتھوپیا کے سفیر نے پائیدار ترقی کے اہداف پر رومینہ خورشید عالم کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے موسمیاتی سفارتکاری کے لئے موزوں ترین شخصیت کا انتخاب کیا ہے۔انہوں نے افریقہ کے گرین لیگیسی پروگرام سے بھی آگاہ کیا اور اس تناظر میں علم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے آب و ہوا اور ماحولیاتی نظام کی بہتری کے لئے باہمی مہم چلانے کا اعادہ کیا کیونکہ کرہ ارض کو بچانے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے موسمیاتی اقدامات پر مستقل مصروفیات پر اتفاق کیا۔