اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ اتوار 7 اپریل کی شب پاکستان پہنچیں گے معزز مہمان 9 روزہ اعلیٰ سطح کے دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی عید الفطر پاکستان میں گزاریں گے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم عید الفطر یتیم بچوں کے ساتھ منائیں گے۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نماز عید الفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں پڑھائیں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عیسیٰ کو 2022 کے حج کے موقع پر خطبہ دینے کا اعزاز حاصل ہے۔ ڈاکٹر العیسیٰ اسلام آباد میں سیرت النبی ﷺ میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ سیرت النبی ﷺ میوزیم پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین میوزیم ہوگا۔معزز مہمان ملک کی اعلی ترین شخصیات سے ملاقاتیں اور تقاریب میں شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر عیسیٰ سعودی عرب کے ممتاز عالم دین ہیں۔ انہوں نے دو برس قبل بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ حکومت پاکستان، پاک سعودی عرب برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے پر انہیں ہلال پاکستان کا اعزاز عطا کر چکی ہے۔