ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ خصوصی)لکی مروت میں شہید ہونیوالے ڈی ایس پی گل محمد خان کانسٹیبل نسیم گل اور کانسٹیبل سلامت خان کی نماز جنازہ اقبال شہید پولیس لائنز بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں ضیاءالدین احمد ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت تیمور خان، ایس پی آپریشن بنوں ثناءاللہ، ایس پی رورل رضا محمد، ایس ڈی پی اوز سمیت دیگر پولیس آفسران، آرمی کے آفیسرز اور شہداءکے لواحقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔پولیس اور پاک فوج کے افسران نے شہداءکے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور شہداءکے ایصال و ثواب کے لئے دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں ضیا الدین احمد کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے جوان نہایت فرض شناس، بہادر اور شریف انسان تھے۔ ایسے جوانوں پر ہمیں فخر ہیں جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کی۔ انکا کہنا تھا کہ بنوں پولیس دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداءکا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اور دہشتگرد اس طرح کی بزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت تیمور خان نے پولیس فورس کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے پہلے بھی قوم کے لئے بے تحاشہ جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں جس کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ شب لکی مروت میں ڈی ایس پی گل محمد اور پولیس ٹیم نے ناکہ بندی کی تھی جس سے واپسی پر دہشت گردوں نے منجیوالہ چوک کے نزدیک ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس سے لگ کر ڈی ایس پی گل محمد اور گن مین نسیم گل موقع پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔ جبکہ کانسٹیبل فاروق خان شدید زخمی ہوئے جس کو علاج معالجے کیلئے پشاور ریفر کیا گیا ہے۔جبکہ شہید کانسٹیبل سلامت خان جو ڈی ایس پی ھیڈ کوارٹر میرانشاہ سید جلال خان کا گنر تھا چھٹی پر گھر گیا تھا جہاں پر ان کو رات کے وقت دہشت گرد عناصر نے گھر کے نزدیک فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔