راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی )چلاس میں لینڈسلائیڈنگ کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران پاک فوج کے ایک سپاہی نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ دو سپاہی شدید زخمی ہو گئے۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق 4 اپریل کو گونر فارم چلاس کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیاتھا’تاہم ٹریفک میں پھنسے ہوئے متاثرہ لوگوں کی مددکیلئے نائب صوبیدار خالد اور دوسپاہیوں کی سربراہی میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)کے دستہ نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا،کلیئرنس کے عمل کے دوران مزید لینڈسلائیڈنگ کے باعث تینوں سپاہی شدید زخمی ہو گئے تاہم صوبیدار خالدنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ سپاہی وسیم اور لانس نائیک عظمت شدید زخمی ہوئے ہیں جو صحت یاب ہو رہے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق قوم ان کی خدمات اور لوگوں کی مددکیلئے لگن کی شکر گزار ہے، پاک فوج تمام مشکلات کے خلاف قوم کی خدمت کیلئے پرعزم ہے۔