راولپنڈی(نمائندہ خصوصی )سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 8دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ہفتہ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی آئی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے کے بعدآٹھ دہشت گرد مارے گئے۔مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے ،ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا ہے۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔