لاہور۔(نمائندہ خصوصی )عید الفطر پر فروخت کے لیے تیار جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کے خلاف پنجاب فوڈاتھارٹی کا گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن اور وزیر خوراک پنجاب کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈیفنس کالونی اور شیخوپورہ روڈ پر واقع بیورجز یونٹس اور گوداموں پر چھاپے مارے اور 11ہزار 540 لٹر معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تلف کر کے 2 مقدمات درج کروا دئیے۔تفصیلات کے مطابق کیمیکلز اور غیر فلٹرشدہ پانی سے تیار جعلی کولڈ ڈرنکس برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔بغیر منظور شدہ فارمولے کے پانی کیمیکلز سے معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں عید سپلائی کے تیار کی گئی تھیں۔ عاصم جاوید نے بتایا موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل،ڈرنک کے نام پر کیمکلز کا محلول اصل جیسی نقلی پیکنگ لگا کر پیک کیا گیا تھا۔ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے مالکان کیخلاف مقدمات درج کروا دئیے گئے۔بوتلوں کے سیمپل مزید تجزیے کے لیے لیبارٹری بجھوا دئیے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خفیہ اطلاعات ملنے پر بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جعلی بوتلوں کی بڑی کھیپ پکڑ لی گئی۔جعلی بوتلوں پر لگی اصل جیسی لگی نقل پیکنگ کی پہچان کرنا صارف کے لیے مشکل ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہناتھا مضر صحت بوتلوں کو لاہور کی مختلف چھوٹی بڑی دکانوں اور ریسٹورنٹس میں سپلائی کیا جانا تھا۔ کاربونیٹڈ ڈرنکس کا بے جا استعمال ہڈیوں کی کمزوری اور شوگر جیسی دیگر بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایت پر ماہ مبارک میں جعلی بوتلوں کا گھناؤنا دھندہ کرنے والوں کا کاروبار جڑ سے ختم کیا جا رہا ہے۔ عاصم جاوید نے مزید کہا کہ ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔عوام سے گزارش ہے کہ ملاوٹ و جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ، فیس بک پیج یا ہیلپ لائن نمبر 1223 پر دیں۔