اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اسلام آباد کے ممتاز اسٹیٹ لائف ٹاور کے اندر واقع اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کا اہم دورہ کیا۔جمعہ کو وزارت تجارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے دورے کے دوران اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے آپریشنز اور فعالیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ ملک بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی خدمات قابل قدر ہیں۔جام کمال نے پاکستان بھر میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی بجائے انشورنس پر مبنی صحت کے دیکھ بھال کے نظام کی طرف بڑھتے ہوئے عالمی رجحان کواپنانا ہوگا۔وزیر تجارت کو اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے دورے کے دوران ادارے کے سی ای او اور دیگر اعلیٰ حکام نے تکنیکی امور پر بریفنگ بھی دی ۔