کراچی۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز کے واجبات کئی سالوں سے التواءکا شکار تھے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میڈیا ہائوسز کے واجبات کی ادائیگی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے، ای سی سی نے میڈیا ہائوسز کو واجبات کی ادائیگی کے لئے ضمنی گرانٹ کی منطوری دے دی ہے، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی، معیشت کے استحکام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا تنظیموں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے عہدیداران سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقاتوں میں میڈیا ورکرز، صحافیوں، اخباری صنعت کو درپیش مسائل اور معاشی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے مسائل سے آگاہ ہیں، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے سمیت ان کے حقوق کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہائوسز کے واجبات کئی سالوں سے التواءکا شکار تھے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میڈیا ہائوسز کے واجبات کی ادائیگی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے میڈیا ہائوسز کو بقایا جات اور واجبات کی ادائیگی کے لئے ضمنی گرانٹ کی منطوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات حکومت، صحافیوں اور میڈیا ہائوسز کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کے علاج معالجہ کے لئے ہیلتھ کارڈ پر کام شروع کر دیا ہے، انہیں جلد ہیلتھ کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک اکانومی ہمارا بہت بڑا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام کیا جا رہا ہے، ٹیکس نادہندگان کے لئے میکنزم بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر میڈیا تنظیموں نے حکومت کے معاشی بحالی کے تمام اقدامات میں بھرپور ساتھ دینے کا یقین دلایا۔میڈیا تنظیموں نے فنڈز کے اجراءمیں تعاون فراہم کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے تفصیلی بریفنگ دی۔