اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے پنجاب بار کونسل کے وفد نے جمعہ کو ملاقات کی۔ وفد میں رانا طفیل احمد نون چیئرمین ریفارمز کمیٹی اور پیر عمران بودلہ چیئرمین ایگزیکٹو پنجاب بار کونسل شامل تھے۔وزارت قانون و انصاف کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقات میں جیل ریفارمز اور ضرورت مند قیدیوں کو فری لیگل ایڈ فراہم کرنے کی تجویز پر غورکیا گیا ۔وزیر قانون نے اس بات پر زور دیا کہ وہ افراد جو قانونی مدد کے مستحق ہیں اور ان کو قانونی رسائی حاصل نہیں ہے ان کے لیے لیگل ایڈ کمیٹیوں کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیر قانون نے پنجاب حکومت سے رابطے اور تعاون کی بھی یقین دھانی کرائی۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ضلعی سطح پر لیگل ایڈ کمیٹیوں کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ بے سہارا اور ضرورت مند افراد کی انصاف تک رسائی کو ممکن بنایا جا سکے۔