لاڑکانہ (عاشق پٹھان۔ نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مقدمے میں ہونے والی حالیہ پیشرفتت کے بعد وقت آگیا ہے کہ پارٹی اب عدالتی اصلاحات کے ایجنڈا کو ہر فورم پر اٹھائے، عدلیہ پر عوام کا اعتماد نہیں رہا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کے مسائل معلوم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کے لیے صوبائی کابینہ ضلعی سطح پر کھلی کچھریوں کا انعقاد کرے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے بھٹو ہاؤس، نوڈیرو میں این اے 194 کے صوبائی حلقے پی ایس 10 کے پولنگ ایجنٹس، پولنگ انچارج اور حلقے کے معززین کے اعزاز میں منعقد افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سامنے آنے والا آرڈر پارٹی سمیت پورے ملک کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کیس میں اب یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں ایک "تاریخی جرم” ہوا تھا۔ ہمارے ملک کی جو عدلیہ ہے اور جو اس کی تاریخ ہے، اس پر ایک بہت بڑا داغ ہے۔ اگر ہمیں اسے درست کرنا ہے تو ہمیں جوڈیشل ریفارمز کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جس میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تھے، اس میں عدالتی اصلاحات کا ایجنڈا بھی شامل تھا۔ ہم میثاق جمہوریت پر 90 فیصد عملدرآمد کرچکے ہیں، اگر اب کچھ رہتا ہے تو وہ جوڈیشل رفارمز ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اب عدالتی اصلاحات کے لیے جدوجہد کرے تاکہ عوام کو فوری اور سستا انصاف میسر ہوسکے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اگر حکومت کو وقت دیا گیا تو پاکستان کو معاشی بحران سے نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کومعاشی بحران سے نکالنے کیلئے اقدامات کریں گے، ہم اپنی عوام کی آواز بنیں گے اور مسائل حل کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران انہوں نے عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوکہ پارٹی کو وفاق میں حکومت نہیں ملی، لیکن سندھ اور بلوچستان کی حد تک جتنا ممکن ہوسکا اس معاہدے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر بینظیر کسان کارڈ جلد متعارف کرایا جائے گا، جبکہ بینظیر مزدور کارڈ پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ساتھ دینے پر سب کا شکر گزار ہوں، آپ کی جدوجہد کی وجہ سے ہمیں تاریخی کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہقبل ازیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِعوام شہید ذوالفقار بھٹو کے یوم شہادت کے موقعے پر پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور کے ہمراہ گڑھی خدابخش پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے نانا کی مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو، مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو، شہید میر مرتضی بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزارات پر بھی حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقعے پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔