اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مئی اور جون 2022 میں اوور لوڈ شیڈنگ میں ملوث ہر ڈسکوکو 50 ملین جرمانہ عائد کر دیا، اتھارٹی نے تحقیقات مکمل ہونے پر کمرشل بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ کرنے والی ڈسکوز پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ترجمان نیپرا کے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق کمرشل بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ نیپرا کے قانون کی خلاف ورزی ہے، جرمانہ پیسکو، کیسکو، حیسکو، سیپکو اور کے الیکٹرک کو کیاگیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ان ڈسکوز میں کمرشل بنیادوں پر4 سے 16 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی، اتھارٹی نے 2022 میں ملک بھر میں جاری لوڈ شیڈنگ پر نوٹس لیتے ہوئے ڈسکوز کے خلاف قانونی کروائی کا آغاز کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی نے تمام ڈسکوز کو اپنے دفاع کا بھرپور موقع بھی فراہم کیا تھا اور اس سلسلے میں تمام ڈسکوز کی دو بار سماعت بھی کی تھی۔اتھارٹی نے تمام ڈسکوز کو ہدایت کی تھی کہ جو بل ادا نہیں کرتے صرف ان کی بجلی بند کی جائے نہ کہ پورے فیڈر کو بند کیا جائے۔ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ سال کی گرمیوں میں بھی ڈسکوز کمرشل بنیادوں پر لوڈ شیڈنگ میں ملوث پائی گئی، ڈسکوز اپنے لائن لاسز کو کم دیکھانے کے لئے کمرشل لوڈ شیڈنگ کا سہارا لیتی ہیں۔