اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے کہاہے کہ تاجر دوست سکیم کے تحت تمام غیر رجسٹرڈ ہول سیلرز، ریٹیلرز، ڈیلرز اور تمام دکانداروں کیلئے 30 اپریل 2024 تک رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔جمعرات کویہاں جاری بیان میں ترجمان ایف بی آرنے کہا کہ پہلے سے رجسٹرڈ دکاندار کو تاجر دوست سکیم میں نئے سرے سے رجسٹریشن کی ضرورت نہیں،تاجر دوست سکیم ٹئیرون سمیت تمام ریٹیلرز کیلئے بھی ہے۔ترجمان کے مطابق بجلی کے ماہانہ بلوں میں ادا کیاگیا انکم ٹیکس تاجر دوست سکیم میں ادائیگی کے وقت ایڈ جسٹ کیا جا سکتا ہے۔ اگر کوئی تاجر پہلے سے رجسٹرڈ ہیں تو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں،وہ سکیم میں رجسٹرڈ شمار کئے جائیں گےالبتہ یکم جولائی 2024سے ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس اسی تاجر دوست سکیم کے تحت جمع کرانا ہوگا، اسی طرح پہلے سے رجسٹرڈ تاجرجو اپنا ٹیکس ریٹرن بھی جمع کراتے ہیں ،کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں،وہ سکیم میں رجسٹرڈ شمار کئے جائیں گے، البتہ یکم جولائی 2024 سے ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس اسی تاجر دوست اسکیم کے تحت جمع کرائیں گے، مذکورہ تاجروں کی پہلی رجسٹریشن ختم نہیں ہوگی۔تاجر دوست سکیم تمام تاجروں کے لئے ہے، اگر کوئی تاجر پہلے سے رجسٹرڈہے اور اپنا گوشوارہ (ریٹرن)بھی جمع کراتا ہے تو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں۔تاجر دوست سکیم انکم ٹیکس رجسٹریشن سے متعلق ہے ،اس سکیم کا سیلز ٹیکس سے تعلق نہیں، البتہ وہ تاجر جن کیلئے سیلز ٹیکس میں رجسٹر ہونا لازم ہے انہیں سیلز ٹیکس میں بھی رجسٹر ہونا چاہئے۔ترجمان نے بتایا کہ تاجر دوست سکیم میں شامل ہونے کے لئے پوائنٹ آف سیل کی رجسٹریشن لازمی نہیں۔البتہ ٹئیرون میں شامل ری ٹیلرز کی پی اوایس میں رجسٹریشن لازمی ہے۔