اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ایران کے وفد نے ڈاکٹر عسکر جلالیا ن ڈپٹی جسٹس منسٹر برائے انسانی حقوق و بین الاقوامی امور ایران نے کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ایرانی وفد نے بتایا کہ اس وقت ایران کی جیلوں میں 160 پاکستانی قیدی موجود ہیں جبکہ پاکستان میں 60 ایرانی قیدی تحویل میں ہیں۔ فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قیدیوں کی رہائی کے لیے وزارت داخلہ کے تعاون سے اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات میں ایران کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے ورثاء کی جانب سے اپنے عزیزوں کی حالت زار کے مد نظر انہیں رہا کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پہلے مرحلہ میں ہیومینیٹیرین گرائونڈز پر قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور پاکستان واپس بھیجا جائے گا اور ایرانی قیدیوں کو واپس ایران بھیجا جائے گا۔وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے تجویز کا کھلے دل سے خیر مقدم کیا اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ افراد جو کسی قانونی جرم میں ملوث نہیں ہیں ان کے لیے ضرور اقدامات کیے جائیں۔اس کے علاوہ ملاقات میں سیاحتی اور تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے سفری اور کاروباری سہولیات فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے آخر میں دونوں اطراف سے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔