اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان زراعت، ڈیری اور زرعی پیداوار میں ہالینڈکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس سے پیداوارو برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں ہالینڈکی سفیرہینی ڈی رائز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر خزانہ نے نیدرلینڈز کے سفیر کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کو سراہا۔وزیرخزانہ نے مشترکہ اقدارو تعاون کی تاریخ پر مبنی دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے معاشی ترقی کو فروغ دینے اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کی منتقلی میں دلچسپی رکھتا ہے اور زراعت، ڈیریو زرعی پیداوار میں نیدرلینڈز کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جس سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی معیشت میں بہتری آئیگی۔ سفیر نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم پر زور دیا۔انہوں نے معیشت کے اہم شعبوں میں اصلاحات کے لئے حکومت کی کوششوں کو بھی سراہا۔ سفیر نے نیدرلینڈ کی جانب سے پاکستان میں چلائے جانے والے پائلٹ منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جن میں مچھلی کی پیداوار، ٹیکسٹائل کی صنعتوں میں لیبر سیفٹی و ماحولیاتی معیار کو یقینی بنانا اور زراعت میں پانی کے انتظام سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے ان اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے نیدرلینڈز کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے باہمی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔