لاہور (بیورو رپورٹ )وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں اجلاس ہوا جس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں وزیراعلی حمزہ شہباز، مریم نواز ،خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، علیم خان، ملک احمد خان اور عطا تارڑ سمیت دیگر سینئر رہنماوں نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں 17جولائی کو پنجاب کے مختلف حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لائحہ عمل بارے مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں لیگی رہنماوں کو ضمنی انتخابات کے حوالے سے اہم ٹاسک سونپ دیئے گئے، مریم نواز کو لاہور سمیت پنجاب بھر کے حلقوں میں انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی ۔خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور علیم خان کو لاہور کے چاروں حلقوں میں ضمنی انتخابات کی نگرانی کی ہدایت دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز صرف انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے تاہم وہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو تمام حلقوں میں پارٹی کے ناراض اراکین اور گروپوں سے رابطوں کی ہدایت بھی کی گئی ۔عید الاضحی کے بعد لیگی اراکین کو ضمنی انتخابات کے لئے زیادہ متحرک کرنے اور پولنگ کے دن کی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔