کراچی ( بیورو رپورٹ) کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حق پرست عوامی نمائندوں ایم این ایز، ایم پی ایز، نامزد بلدیاتی امیدواران اور تنظیمی ذمہ داران کو ہدایت دی ہے کہ وہ متوقع بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پہلے سے تیار رہیں، ساتھ ہی حکومت اور انتظامیہ سندھ اس سلسلے میں اپنے انتظامات مکمل رکھے، حکومت کے-الیکٹرک اور بلدیاتی اداروں سے کو آرڈینشن کرکے غیر معمولی بارش کی صورت میں بجلی کی فراہمی کو جاری رکھنے اور جلد نکاسی آب کو یقینی بنائیں، اور ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان متوقع بارشوں کے پیش نظر ہر قسم کی ہنگامی صورتحال کے لئے اپنے آپکو تیار رکھیں، ذمہ داران، کارکنان و بلدیاتی امیدواران اپنی مدد آپ کے تحت مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر رکھنے، اور گلی محلوں میں عوام کی مدد کریں، عوام سے بھی اپیل ہے کہ غیر معمولی بارش کی صورت میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔