اسلام آباد:: (نمائندہ خصوصی )انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیر اعظم پاکستان کی سابق معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عملی طور پر ایک جہنم اور قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ اختلافی آوازوں کودبانے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 10لاکھ کے قریب سفاک بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے بلکہ خطے میں مسلسل عدم استحکام کا باعث بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے اختلافی آوازوں کو دبانے کے لیے تمام ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈے اور ریاستی دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ مشعال ملک نے کہا کہ ہرقسم کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود قابض بھارتی حکام کشمیری عوام کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہے اور وہ تحریک آزادی کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے وعدے کو پورانہ کرنے پر بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کے اداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔