لاہور: (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 70ہزار مسیحی ووٹرز کا نمائندہ ہوں، مسیحی برادری نے ملک کی سلامتی، بقااور ترقی کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں اٹرنل لائف چرچ کوٹ لکھپت میں ایسٹر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاسٹر انور فضل، پاسٹر شوکت فضل، سلیم شاکر، کاشف سجن اور مسیحی برادری کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ایسٹر مسیحی برادری کے لئے خوشیوں کا دن ہے اور ہم سب ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے مجھے بہت عزت اور تکریم دی، میں 70ہزار مسیحی ووٹرز کا نمائندہ بن کر قومی اسمبلی میں آیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحی برادری کا کلیدی کردار ہے، مسیحی برادری نے اس ملک کو حاصل کرنے کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، جب ہم تاریخ پڑھتے ہیں تو جنگوں کے اندر ہر پروفیشن میں مسیحی برادری کا کردار نظر آتا ہے، پاکستان کی ائیر فورس دنیا کی نامور فورس ہے اور جب فائٹر پائلٹ کی بات ہوتی ہے تو سیسل چوہدری کا نام سامنے آتا ہے، مسیحی برادری نے پاکستان کی سلامتی اور بقاکے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب برابر کے شہری ہیں، مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسٹر کے موقع پر امن، برداشت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے، نفرتوں، تشدد اوراختلافات کو رد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک ہم حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر ایمان نہ لائیں، ہمارا ایمان تب تک مکمل نہیں جب تک ہم پاک بی بی حضرت مریم پر ایمان نہ لائیں، ان کے معجزات نہ مانیں، جب اتنی قدریں مشترک ہیں تو پھر ہمیں محبت، امن اور خوشحالی کو فروغ دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج ایسٹر کے دن یہ یقین دلاتا ہوں جہاں میں آپ کا نمائندہ ہوں وہاں پورے پاکستان کے مسیحیوں کی فلاح و بہبود اور امن کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں سب کے حقوق برابر ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کے دوران مجھ سے سوال کیا جاتا تھا کہ آپ اپنے حلقہ میں آئیں گے یا نہیں تو میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ الیکشن کے بعد میں نے اپنے مسیحی بھائیوں میں زیادہ وقت گزارا ہے، میں الیکشن اور وزیر بننے کے بعد بھی حاضر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان کی سالمیت کے لئے کام کریں گے، میں اپنی حکومت، وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیوں کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے مسیحی عمائدین کے ساتھ مل کر ایسٹر کا کیک بھی کاٹا۔