لاہور۔: (نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق رمضان المبارک میں 64 لاکھ مستحق خاندانوں کو راشن دیا گیا۔پنجاب حکومت کی ایک ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ آج میں اپنی حکومت کی ایک مہینے کی کارکردگی آپ کے سامنے پیش کرنے آئی ہوں،کسی اور صوبے کے مقابلے میں صرف پنجاب حکومت میں ہی کام ہورہا ہے،پنجاب حکومت نے تین مہینے کے اندر غربا کا سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صاف ستھرا پنجاب نوے دن کے اندر ٹائم دیا گیا تھا اس پر کام جاری ہے،پنجاب حکومت یہ کام بہترین انداز سے سر انجام دے رہی ہے، ہم ٹائم لائن کے ساتھ چل رہے ہیں، کوڑا اٹھانے پر کام تیزی سے جاری ہے،کسی کو کوڑا باہر پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی، گلی محلوں میں جاکر لوگوں سے پوچھے وہ کتنے خوش ہیں۔انکا کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی وزیر اعظم بنا تو اس نے اپنے دور میں ایک بھی نیا میدان نہیں بنایا، وزیر اعلی پنجاب کا کوئی بھی کام کاغذوں کی حد تک نہیں ہے، تمام کام گرائونڈز پر ہوتے نظر آئیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب میں فری وائی فائی پروگرام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے، ہر ایک ڈسٹرکٹ میں تین ہزار گھر بنائے جائیں گے، کم قیمت پر یہ گھر دیئے جائیں گے،پنجاب حکومت ایک کال پر گھر کی دہلیز پر سروسز مہیا کرنے جا رہی ہے ،سیف سٹی پروگرام شہباز شریف نے شروع کیا تھا ، اب اٹھارہ مزید اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹ بننے جارہا ہے،پنجاب بھر میں اربوں روپے سے سڑکیں بننے جارہی ہیں،پنجاب کے اندر ایمرجنسی میں تمام ادویات مفت ملنا شروع ہوگئی ہیں، ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کو دوائیاں ان کے گھر پر ملیں گی۔ انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے،ہم نے گرین پنجاب پروگرام شروع کیا جس کے تحت پنجاب میں اٹھارہ لاکھ پودے ایک دن میں لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کو بلاسود موٹرسائیکل دی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کو جائیداد کے حوالے سے جن بھی مشکلات کا سامنا ہے ان کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرانے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تیس ارب روپے کے کسان پیکج کی منظوری دی گئی ہے،ہم اسٹیٹ آف دی آرٹ ایگریکلچر یونٹس بنارہے ہیں، جون کے بجٹ میں ایک پوری پالیسی لائی جائے گی،اس کے علاوہ پچاس ہزار صارفین کو سولر پینل دینے جارہے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ مسیحی برادری کے لئے ایسٹر پیکج رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ایک بھی دن چھٹی نہیں کی ، چھ گھنٹے آرام کرتی ہیں اور اٹھارہ گھنٹے کام کرتی ہیں، ایک وہ وزیر اعلی تھے جن کو نیسلے اور نیسپاک میں فرق معلوم نہیں تھا،عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے دوسرے صوبوں میں کوئی پروگرام سامنے نہیں آیا،ابھی بہت ٹائم ہے پانچ سال میں پنجاب کی حالت مکمل طور پر بدل چکی ہوگی، نواز شریف اور مریم نواز کا وژن ہے کہ زیر زمین ٹرین چلائی جائے۔