کراچی( کرائم رپورٹر )کراچی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ٹیم نے ملیر اور کورنگی میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مشیات کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ٹیم نے ملیر کینٹ روڈ پر فاطمہ جناح پارک کے پاس منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش گل رحمان اور عبدالقدیر گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ساڑھے دس کلو چرس برآمد کرلی گئی ہے۔کورنگی میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ٹیم نے مقام فاروق اعظم روڈ پر کاروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش لعل مرجان ولد جانان کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے 50 پیکٹس پر مشتمل 25 کلو گرام چرس برآمد کرلیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے منشیات کے خلاف کامیاب آپریشنز پر ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت کے خلاف متحرک ہوجانا چاہئے، بیداری، آگہی اور فعال شمولیت کو فروغ دے کر، ہم اپنے معاشرے کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے ہر فرد کا کردار ناگزیر ہے۔