کوئٹہ۔ (نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعرات کو ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے، جہاں انہوں نے امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، سیکرٹری فشریز عمران گچکی، ڈی جی پی ڈی ایم جہانزیب خان کمشنر مکران ڈویژن سیعد احمد عمرانی، ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی اور دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت گوادر سیف سٹی منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ جی ڈی اے حکام کی جانب سے گوادر شہر میں نکاسی آب سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سی پیک منصوبے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے ضامن ہیں اور گوادر کی ترقی سے ہی بلوچستان اور پاکستان کی ترقی وابستہ ہے گوادر کی ترقی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاررہی ہیں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور تمام ورکرز کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور وزارت داخلہ کے مروجہ ایس او پیز کے عین مطابق حفاظتی اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کا ہر پندرہ دن بعد جائزہ لیا جاتا رہے گا گوادر سیف سٹی پروجیکٹ پر کام کی رفتار کو تیز کردیا گیا ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ بحالی امن کے لئے پاک فوج اور سول فورسز کا کردار قابل ستائش ہے دہشت گردی کی عفریت کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں بحالی امن پہلی ترجیح ہے دہشت گردی کا مقابلہ پوری قوت سے کریں گے ۔گزشتہ تین دہائیوں سے پاک فوج تمام سکیورٹی اداروں اور پوری قوم نے ثابت قدمی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیاہے اور آئندہ بھی دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بحالی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔متاثرین کی مکمل بحالی تک انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دورہ گوادر کے موقع پر بارشوں سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیکس بھی تقسیم کئے ۔متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد پہلا دورہ گوادر کا کیا اور ہماری پوری کوشش رہی کہ متاثرین کی مشکلات میں ممکنا حد تک کمی لائی جائے بارشوں کے بعد گوادر میں ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو کارروائیوں کا آغاز ہوا شہری علاقوں سے پانی کے اخراج اور معمولات زندگی کی بحالی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے گئے ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کے لئے چیف سیکرٹری اور ڈی جی پی ڈی ایم اے ذاتی طور پر گوادر میں موجود تھے ۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جاررہے ہیں اور ان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔