اسلام آباد (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کو تین دن ہو گئے ہیں، تاہم اس کے باوجود غزہ کے عوام پر اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ بلا روک ٹوک جاری ہے ، فلسطینی عوام کو بھوک اور نسل کشی کا سامنا ہے۔ترجمان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم اسرائیل کے حامیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل پر زور دیں کہ وہ فلسطینی عوام کا قتل عام بند، غیر انسانی محاصرہ ختم اور غزہ کے تمام حصوں میں انسانی امداد کی اجازت دے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل اور جون 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد، قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی کوششوں میں مزید اضافہ کرنا چاہیے۔