مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر کی ابتر صورتحال کو پرامن قرار دینے کے بیان کو ریاست ہند کی جانب سے کشمیر کی بدتر صورتحال پر بار بار بولے جانے والا جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہیکہ بھارتی حکمران مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ کشمیر ایک جیل کی طرح ہے جہاں شہریوں کو لاکھوں فوجیوں کے تسلط سے محصور کرکے انکے جذبات اور احساسات کو بندوق کی نوک پر جبرا خاموش کیا گیا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ وادیِ کشمیر میں دس لاکھ قابض فوجیوں کو مسلّط رکھ کے ، گھر گھر اور نکر نکر پہرے بٹھا کر ، بدترین کالے قوانین کا نفاذ کرکے ، کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کارکنان اور ہزاروں دیگر شہریوں کو جیلوں میں بند کر کے ریاست کے حالات کو نارمل ثابت کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں ایک قابض ملک کی حیثیت سے موجود ہے اور اس کی یہ حیثیت کسی طور تبدیل نہیں ہو سکتی۔ انکا کہنا تھا کہ بھارتی حکمران مقبوضہ کشمیر میں سیاسی محاذ پر حق خودارادیت کے لیئے جدوجہد کررہی مقامی سیاسی اور مذہبی جماعتوں پر پابندیاں عائد کررہی ہے مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہارِ رائے پر قدغنوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاریوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے جنگی جرائم کو چھپانے کی کوشش کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر ایک متنازعہ ریاست ہے جس کا فیصلہ کشمیری عوام اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس شدہ قراردادوں کے مطابق اپنی مرضی سے کریں گے۔ بھارتی حکمرانوں کے جھوٹے دعووں اور ظالمانہ اقدامات سے کشمیری عوام کی تحریک مزاحمت کو دبایا نہیں جاسکتا ۔ وہ وقت بھی عنقریب آئے گا جب بھارتی حکمران کشمیر میں اپنی دہشت گردی کا حساب دیں گے ۔۔