راولپنڈی( نمائندہ خصوصی)تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے رجحان اور انسداد منشیات کے اقدامات پر 18 ویں انٹر ایجنسی ٹاسک فورس (آئی اے ٹی ایف) کے اجلاس کا انعقاد 26 مارچ کو ہیڈکوارٹر اینٹی نارکوٹکس فورس راولپنڈی میں ہوا. اجلاس میجر جنرل عبدالمعید، ڈائریکٹر جنرل انسداد منشیات فورس کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس سیٹ اپ اور متعلقہ سرکاری محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی. اجلاس کا مقصد تعلیم اداروں میں منشیات کی سپلائی اور اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے اس کا مقابلہ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ایجنڈا پر متعلقہ ایجنسیوں اور محکموں کے نمائندوں کی جانب سے جامعہ بریفنگ دی گئی جس میں مسئلے کی بنیادی وجوہات اور پالیسی کے نفاذ میں درپیش خلا کو اجاگر کیا گیا جبکہ بیک وقت آگے بڑھنے کے طریقوں پر بھی بحث کی گئی. منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کے لئے ایک مکمل مہم کا منصوبہ اے این ایف نے پیش کیا جس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی مسئلہ ہونے کی وجہ سے پوری قوم کے نقطہ نظر اور ایک اجتماعی مہم کی ضرورت پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کیا۔ مہم کے منصوبے پر عمل درآمد کے لئے، منشیات کی فراہمی میں کمی اور منشیات کی طلب میں کمی جیسے پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ ڈی جی اے این ایف نے قومی مہم کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام ایجنسیوں اور محکموں کو اے این ایف کی جانب سے ہر ممکن مدد اور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔