کراچی ( بیورو رپورٹ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ نے مالی سال 2021-22 کے اختتام تک 111 فیصد ٹیکس اہداف حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور 133350.483 ملین روپے ٹیکس وصول کرلیا ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ عاطف رحمان خان، ڈائریکٹر جنرلز اورنگ زیب پنھور، اقبال احمد لغاری ، ڈائریکٹرز وحید شیخ ، ثمینہ بھٹو اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں 111 فیصد ٹیکس اہداف حاصل کئے گئے۔رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 133350.483 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ گذشتہ مالی سال 2020-21 میں 102975.633 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اورنگ زیب پنھور نے بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 12176.690 ملین روپے ٹیکس جںکہ انفرااسٹرکچر سیس کی مد میں 112281.670 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ انہوں نے مذید بتایا کہ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 858.902 ملین روپے ٹیکس ،جائیداد ٹیکس کی مد میں 2071.116 ملین روپے ٹیکس اورکاٹن فیس کی مد میں 132.437 ملین روپے ٹیکس جبکہ انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 80.134 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور و خوراک مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ محکمہ ایکسائز کے افسران و عملے کی کارکردگی کے باعث ہم اپنے ٹیکس اہداف 111 فیصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کی اچھی کارکردگی کے باعث گذشتہ کئی برسوں سے 100 فیصد سے زائد ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ وہ ٹیکس نادہندہ گان سے بھی امید کرتے ہیں کہ وہ نئے مالی سال میں جلد از جلد اپنے ٹیکسز جمع کروائیں گے۔